حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی وزارت خارجہ نے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی طرف سےعالم اسلام کی مذہبی شخصیات کی توہین کی مذمت کی ہے۔
یمن کے دار الحکومت صنعاء نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ وہ رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شان میں چارلی ہیبڈو کی توہین اور گستاخی کے تازہ ترین معاملے کی مذمت کرتے ہیں، اس بات پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر ایک اسلامی مرجع کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (سبا) نے اس یمنی تنظیم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چارلی ہیبڈو عالم اسلام کے خلاف توہین آمیز تصاویر شائع کرتا ہے اور یہ مسئلہ قوموں اور مذاہب کے درمیان تفرقہ اور دشمنی کا باعث بنتا ہے۔
صنعاء نے اس طرح کے اقدامات کو یورپی براعظم بالخصوص فرانس پر منفی اثرات کا باعث قرار دیا اور اس ملک کی حکومت کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذہبی شخصیات اور مقامات مقدسہ کی توہین کے جرم کو قبول کرے اور حق آزادی کے غلط استعمال میں دوہرے معیار سے گریز کرے۔
اس یمنی تنظیم نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مغربی ممالک کے سیاسی اختلافات ممتاز قومی اور مذہبی لوگوں کی توہین کا باعث نہیں بننا چاہئے، فرانس اور مغرب کو آزادی خیال کے تصورات کو بدلنا چاہئے اور اس حق کو تفرقہ بازی کے لئے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔